اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ افواج پاکستان جس طرح ایل اوسی ،ورکنگ باونڈری اوربین الاقوامی سرحد پر ملک کا دفاع اورمقابلہ کررہی ہے ملک اورخطہ کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،اندرونی معاملات کو قومی اتفاق رائے سے حل کیاجائیگا، دوست ممالک واضح طورپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں بھارت کے جاری حارحیت کے حوالہ سے قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے طرف سے اٹھائے گئے نکات کاجواب دیتے ہوئے وزیردفاع نے کہاکہ دنیا کا کوئی بھی ملک ایسانہیں ہے جس سے ہمارارابطہ نہ ہوں، ہم خلیجی ممالک کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پررابطوں میں ہے، ایرا ن کے وزیرخارجہ دودن پہلے یہاں آئے ان کے ساتھ مختلف امور پربات چیت ہوئی،
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کایواے ای ، قطر ،سعودی عرب اورچین کے ساتھ روزانہ کی بنیادپر رابطہ ہوتاہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کامشن سلامتی کونسل اوردیگرفورمز پربھارت کے جارحانہ عزائم کا فعال انداز میں جواب دے رہاہے اوراس کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں، ایک دوممالک نے ہندوستان کی حمایت کی ہے لیکن بیشترممالک یا تونیوٹرل ہے اوریا پاکستان کے موقف کی حمایت کررہے ہیں، ہمارے دوست واضح طورپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ ، چین اورآذربائیجان واضح کرکے پاکستان کی حمایت میں سامنے آچکے ہیں، مگرہندوستان کے قریب ترین حلیف ممالک بھی ان کے ساتھ کھڑے نہیں، اسرائیل مسلمان اوراسلام دشمنی میں بھارت کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ مدارس کے طلبا ہماری دوسری دفاعی لائن ہے، وہ دینی تعلیم سے آراستہ ہے اورانہیں شہری دفاع کی ضرورت کیلئے استعمال کیا جاسکتاہے۔ وزیردفاع نے کہاکہ ہماری افواج جس طرح ایل اوسی ،ورکنگ باونڈری اوربین الاقوامی سرحد پرجس طرح ملک کا دفاع اورمقابلہ کررہی ہے ملک اورخطہ کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ہم اپنے سے سات گنابڑی دفاعی قوت کامقابلہ کررہے ہیں، ہم نے بھارت کے پانچ جہازگرائے ہیں وہ بھی تاریخ کاحصہ ہے، کل کاڈرون حملہ ہمارے لوکیشنز کوڈیٹیکٹ کرنے کیلئے کیاگیا اسلئے اسے نشانہ نہیں بنایا گیا اورجب یہ ڈرونز محفوظ حدود میں آئے تواسے مارگرایاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ اندرونی معاملات کو قومی اتفاق رائے سے حل کیاجائیگا،
وزیراعظم نے واشگاف اتحادکاپیغام دیا، وزیرخارجہ نے خارجہ محاذ پرتفصیلات سے آگاہ کیا، ایوان کا اجلاس بھی جاری ہے اورہم لمحہ بہ لمحہ ایوان اورقوم کوآگاہ کرتے رہیں گے، کسی کوشک نہیں ہونا چاہئےے کہ پاکستان کی افواج اس وقت بھرپورجوابی کاروائیاں کررہی ہے، پاکستان کی افواج بہادری سے ملک کادفاع کررہی ہے، بھارت کوبھرپورجواب دیا جارہاہے، پاکستان کے قوم کواطمینان ہونا چاہئے کہ بھارت کے عزائم کوملیامٹ کردیاگیا ہے، بھارتی عوام کے مقابلہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہے،حوصلے بلندہیں آئندہ چنددنوں میں بتائیں گے کہ ہماری افواج کس طرح مقابلہ کررہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594768