اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):پاک فو ج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں ،بغیر کسی ثبوت کے بار بار کوئی نہ کوئی جواز بنا کر ادارے کی جانب الزام تراشی شروع کی جاتی ہے، حکومت بلا جواز الزام تراشیاں کرنے والے کے خلاف بھی کارروائی کرے ، اس معاملے کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ ارشد شریف کیسے پاکستان سے باہر جانے پر مجبور ہوئے اورکہاں رہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس سانحے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہے
منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملےکی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں ، کچھ لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں جو کہ بلاجواز ہیں، بدقسمتی سے لوگ بہت زیادہ الزام تراشی کرتے ہیں، سانحے کو جواز بنا کر من گھڑت الزامات لگائے جارہے ہیں اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ارشد شریف کی ناگہانی وفات پر ہم سب کو دکھ ہے ، وہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد میں فیلڈ میں جا کر پروگرام کرتے رہے ہیں ، اسی لئے زیادہ افسوس ہو رہا ہے کہ ان کی ناگہانی وفات کو جواز بنا کر انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اس سانحے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہے ۔