لاہور۔12مئی (اے پی پی):پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بری، بحری و فضائی افواج نے بہترین جذبہ حب الوطنی ،حکمت عملی اور باہمی کوآپریشن سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔پیر کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ سیاسی و اقتصادی استحکام پاکستان کو سپر پاور بنادے گا۔قوم فروعی اختلافات بھلا کر ترقی و استحکام کے لئے کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کامیاب،باوقار دفاع اور حفاظت پر افواج پاکستان بالخصوص پاک فضائیہ کے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کا رسپانس، پیشہ وارانہ، ذمہ دارانہ اور بر وقت تھا، پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے کوئی دشمن ہماری سرحدوں کی طرف میلی نگاہ نہیں اٹھا سکتا۔انہوں نے کہا 1971 یا 1965 نہیں 2025 ءہے، پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ حربی ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں ہے، پاکستان نے اپنی زمین، اپنی فضاؤں اور اپنے پانیوں کا بیک وقت دفاع کیا اور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596187