افواج پاکستان کا جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن، 8 دہشت گرد جہنم واصل

148
ISPR

راولپنڈی۔27نومبر (اے پی پی):پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے عمومی علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اس دوران افواج پاکستان اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں 8 دہشت گرد مارے گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔

ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔