لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کو کمزور کر نے کی سازشیں کرنیوالے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔22کروڑ پاکستانی متحد ہوکر اپنے دفاعی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کا ایجنڈہ قوم کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے اور پوری قوم اس ایجنڈے کو مسترد کرتی ہے۔ وہ ہفتہ کے روز”شہید حکیم سعید ،حیات وخدمات “کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پرجسٹس (ر) نذیر احمد غازی ،جسٹس (ر) ناصر ہ جاوید اقبال ،امجد اسلام امجد اور ڈی جی پی آر محمد اسلم ڈوگر سمیت دیگر بھی شر یک ہوئے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن ملکی وقومی مفادات کے تحفظ کی بجائے سیاسی اور ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا کر اپوزیشن ثابت کر رہی ہے کہ ان کو ملکی مفاد عزیز نہیں مگر عوام اپوزیشن کے ان عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مستر د کردیا ہے یہ جتنے مرضی جلسے کرلیں حکومت ان کے دبائو میں آنیوالی نہیں اور ملک میں عام انتخابات2023میں ہی ہوں گے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حکومت کے بیانہ کیساتھ کھڑی ہے اور حکومت ملک وقوم کی خدمت کا مشن ہرصورت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ضرور ہے مگر اپوزیشن اداروں کے خلاف جس راستے پر چل نکلی ہے اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ آئین وقانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ تقریب سے خطاب کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکیم سعید کی پوری زندگی اور کارنامے ایک کھلی کتاب کی مانند ہیں وہ گور نر بنے ،وزیر بنے مگر ان کا طب سے رشتہ ختم نہیں ہوا وہ جس طر ح انسانیت کی خدمات کرتے رہے ہیں وہ ایک عظیم مثال ہیں اور انکی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔اُنہوں نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید سچے انسان تھے وہ ایک ارادہ اپنے ساتھ لیکر ہندوستان سے پاکستان آئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی بقا اور وطن عزیز کی آبیاری کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں ان جیسے انسان صدیوں بعد پید اہوتے ہیں۔