27.4 C
Islamabad
اتوار, مئی 25, 2025
ہومتازہ ترینافواج پاکستان کی بہادری وجرات کی پوری دنیا معترف ہے ،پاک بھارت...

افواج پاکستان کی بہادری وجرات کی پوری دنیا معترف ہے ،پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی قوم وسیاسی جماعتوں نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا،سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

لاہور۔25مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی بہادری اورجرات کی پوری دنیا معترف ہے ،مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی قوم اور سیاسی جماعتوں نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا ، پوری دنیا پاکستان کی حکمت عملی اور ضبط و تحمل کو سراہا رہی ہے ، بجٹ میں عام آ دمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جانا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایکسپو سنٹر میں انٹرنیشنل سولر انرجی میٹ نمائش کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد بھی موجود تھے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم پوری پاکستانی قوم،اوورسیز پاکستانی ، صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیر اعظم محمد شہبازشریف،سپہ سالار اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوکر مثالی اتحاد کا مظاہرہ کر کے بھارت کے خلاف جنگ جیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود پاکستان نے جنگ کے دوران نہایت تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف ایسی سٹریٹیجی بنائی کہ پوری دنیا میں پاکستان کی بہتر حکمت عملی اور ضبط و تحمل کو سراہا جا رہا ہے،جس کا سارا کریڈٹ حکومت ، مسلح افواج کے سربراہ اور تمام سیاسی پارٹیوں کو جاتا ہے ۔

- Advertisement -

سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک اور اس نے خطے میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیشہ ہر مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے،کبھی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جو اس خطے کی عوام کی بربادی کا باعث بنے ۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بطور وزیر اعظم میں نے واضح کیا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور صوبے میں بد امنی پھیلانے میں بھارت کا ہاتھ ہے ،اس حوالے سے بالی وڈ میں ڈاکٹر من موہن سنگھ پر” ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر” کے نام سے ایک فلم بھی بنی تھی جس کے بعد بھارت مسئلہ سیاچین،کشمیر اور بلوچستان کے اندرونی معاملات پر گفتگو و شنید کرنے کیلئے تیار ہو گیا تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں دہشت گردی کا جھوٹا الزام لگایا، پاکستان نے واقعہ کی نیوٹرل تحقیقات کا مطالبہ کیا جس پر بھارت بالکل تیار نہیں تھا، الٹا اس نے پاکستان کے دریائوں کا پانی بند کرنے اور سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پر معطل کر دیا جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور واٹر وار تھی لیکن پاکستان کی قیادت اور مسلح افواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا کر ثابت کیا کہ پاک افوج دنیا کی باصلاحیت فوج ہے ، اس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان نے جنگ میں پہل نہیں کی بلکہ اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ۔

پی ٹی آئی معاملات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے جہاں تک پی ٹی آ ئی کے بیانیہ کا تعلق ہے وہ جو کہتے ہیں انہیں کہنے دیں ،ان کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، عدالتیں جو بھی ان کے بارے میں فیصلہ کریں گی وہ سب کو قبول ہو گا ۔ بجٹ میں عوامی ریلیف کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک عوامی نمائندہ ہوں اور میرے بچے بھی منتخب رکن ہیں، لہذا میری حکومت سے گزارش ہے کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جہاں تک توانائی کے شعبے کی بات ہے ہمیں سستی توانائی کی فراہمی پر توجہ دینی ہوگی، اگر آئندہ بجٹ میں سبسڈی کم کرنے کی بات ہو رہی ہے تو اس کا متبادل ہونا چاہیے ،جیسا کہ سستے سولر پینلز کی فراہمی تاکہ عوام پر بجلی کے بلوں کا بوجھ کم ہو۔اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جہاں تک پیپلز پارٹی کی بات ہے ہم قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہیں، اس وقت بات کسی جماعت یا شخصیت کی نہیں بلکہ ملک و قوم کی ہو رہی ہے، اگر کوئی مشاورت ہو رہی ہے تو وہ اعلی سطح پر ہے، چاہے وہ وزیر اعلی مریم نواز سے ہو یا کسی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعے، یہ سب ملک کی بہتری کے لیے ہے۔ آخر میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601170

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں