افواج پاکستان کے شہدا کے لئے جمعہ کو یوم دعا منایا جائے گا،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمعہ کو افواج پاکستان کے شہدا کے لئے یوم دعا منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی قوم اور فوج کے خلاف سازش کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے، موجودہ سیاسی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے علماء اپنا کردار ادا کریں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پورے ملک کے اندر محرم الحرام کے اجتماعات پرامن انداز میں مکمل ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پورے ملک کے اندر محرم الحرام کے اجتماعات پر امن انداز میں مکمل ہوئے، تمام مکاتب فکر کے علمائ، مشائخ، ذاکرین، پاکستان کے سلامتی کے اداروں، صوبائی حکومتوں، وفاقی حکومت، افواج پاکستان کا شکریہ ادا اور انہیں خراج تحسین بھی پیش کرتا ہوں کہ اس انداز سے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر تمام ہمارے علماء، ذاکرین، واعظین نے اس پر عملدرآمد کیا ہے اور انشاء اللہ باقی سال میں بھی اسی طرح عملدرآمد ہو گا، پیغام پاکستان کی دستاویز پر 15 ہزار سے زائد علماء، مشائخ، شیخ الازہر، امام کعبہ کے دستخط ہیں، اس کا واحد مقصد یہ ہے کہ اپنا مذہب چھوڑو نہیں اور کسی دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11 اگست کو ہمارے ملک میں اقلیتوں کے حوالے سے دن منایا جاتا ہے، کل پورے ملک کے اندر غیرمسلم بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علماء کرام اسلام کی روشنی میں غیرمسلموں کے حقوق پر بات کریں گے، پاکستان سب کا ہے چاہے وہ مسلم ہے یا غیرمسلم ہے، ملک میں بسنے والے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بڑے بھائیوں کی طرح اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھیں۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اقلیتوں کو محفوظ بنایا گیا، پورے ملک میں اقلیتوں کی شکایات آج بھی کم ہیں، بالخصوص توہین مذہب اور توہین ناموس رسالتﷺ کے قانون کے حوالے سے پچھلے دو سالوں کے دوران ملک میں کہیں بھی ایک ایسا پرچہ درج نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پرسوں جمعة المبارک کو پورے ملک کے اندر افواج پاکستان کے شہداء، لسبیلہ میں شہید ہونے والے کوئٹہ کے کور کمانڈر، ان کے ساتھیوں اور باقی شہداء کے لئے یوم دعا منایا جائے گا اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا،

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شہباز گل کے بیانیے کے ساتھ ان کی جماعت بھی کھڑی نہیں ہوئی۔پنجاب کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نےاس کی مذمت کی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایک بیانیہ ملک کے اندر بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی، یہ آج کی سازش نہیں ہے اس سازش کے پیچھے پاکستان دشمن بیرونی قوتیں ہیں، اسلام دشمن قوتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ سیاست کریں، المیہ یہ ہے کہ پہلے کہا جاتا ہے کہ پاک فوج سیاست سے علیحدہ ہو، ان کا سیاسی عمل دخل نہیں ہونا چاہئے، جب وہ اس سے علیحدہ ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہماری مدد کے لئے کیوں نہیں آتے ہو، یہ عجیب و غریب بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بالخصوص بلوچستان میں سیلاب آیا ہوا ہے، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیلاب زدگان بھائیوں کی امداد کے لئے نکلیں، سیلاب زدگان کی مدد کے لئے فوجی جوان نظر آتا ہے جس نے ایک طرف قوم کے ایک فرد کو اٹھایا ہے اور دوسری جانب ان کی املاک کو بھی بچا رہے ہیں، اسی دوران کور کمانڈر کوئٹہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے نکلتے ہیں تو ان کا ہیلی کاپٹر گر جاتا ہے جس سے وہ شہادت کے رتبے پر فائز ہوتے ہیں، ساری قوم اس واقعہ پر غمزدہ ہے، ایسے حالات میں سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز کیا گیا کسی نے یہ نہیں سوچا کہ ان شہداء کے گھر والوں پر کیا بیت رہی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے یہ سوچا ہے کہ یہ لوگ آخر اس انتہا تک کیوں پہنچے ہیں، وہ کون ہے کہ جس نے ان کو اس اتنہا پر پہنچایا ہے، یہ پوری قوم کے سوچنے کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل، جمعیت علماء اسلام، متحدہ علماء بورڈ، جمعیت اہلحدیث، علماء فقہ جعفریہ آنے والے جمعہ کو پورے ملک کے اندر اپنے خطبات میں ایسی سازشوں کو بے نقاب کریں گے اور شہداء اور غازیوں کے لئے دعائیں کریں گے ،انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح سے اپنی فوج کی پشت پر کھڑے ہیں، قوم کو سب کچھ معلوم ہے، جو بھی پاکستان کی قوم اور فوج کے خلاف سازش کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے، پہلے بھی کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے تمام علماء کی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ملک کے اندر موجودہ سیاسی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آگے آئیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے چند لوگ ایسے ہیں جو غیرمتنازعہ ہیں ان کو آگے آنا چاہئے اور ان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستان کو لے کر ہم سب نے مل کر آگے بڑھنا ہے۔