کراچی۔ 03 مئی (اے پی پی): گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے،افواج پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر سندھ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بھارت یاد رکھے، ہم گرانا بھی جانتے ہیں اور جو معافی مانگے اسے چائے بھی پلانا جانتے ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستانی قوم 1947 سے بھارت کے سامنے سینہ تان کر کھڑی ہے۔گورنر سندھ نے قوم کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ فکر کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ہماری افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
گورنر سندھ نے روٹری انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹری کی جانب سے دیے گئے 10 ملین ڈالرز کی امداد سے پاکستان میں کئی فلاحی منصوبے جاری ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت میں زیر علاج پاکستانیوں کو واپس بھجوا کر انسانیت کی خدمت کے خلاف قدم اٹھایا،
اس کے برعکس روٹری پاکستان نے اپنے فنڈز سے بھارت کے 1500 بچوں کا علاج کرایا، انہوں نے کہا کہ یہی وہ فرق ہے جو ہماری اقدار اور انسان دوستی کو واضح کرتا ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591754