افواہوں پر توجہ نہ دی جائے ، وائرس کی روک تھام کےلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں ، بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کی سکریننگ کر رہے،معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

52

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ قوم کرونا وائرس کے بارے میں کسی بھی افواہ پر توجہ نہ د ے کیونکہ کچھ عناصر کرونا لوگوں کوگمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت مہلک کرونا وائرس کو روکنے کے لئے پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ یہ وائرس کسی صورت ملک میں نہ پھیلے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اگر ملک میں کوئی کرونا وائرس میں مبتلا ہو تو وزارت صحت نے ضروری علاج کی تیاری کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اتنی سنجیدہ نہیں ہے کہ سکولوں کو بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزارت صحت نے سکولوں کو بند رکھنے کی تجویز نہیں دی ہے، تاہم صوبے اس سلسلے میں اپنے فیصلے خود کرنے کے لئے آزاد ہیں۔ڈاکٹر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد کافی کم ہے اور جن 5 افراد کی تشخیص ہوئی ہے وہ بھی صحت یاب ہو رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور ہم بیرون ملک سے لوٹنے والے لوگوں کی سکریننگ کر رہے ہیں۔ وزارت صحت بیرون ملک سے واپس آنے والے لوگوں کی بھی نگرانی کر رہی ہے  انہوں نے کہا کہ لوگ کرونا وائرس سے خوف زدہ نہ ہوں اوراحتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کرنے کی کوشش کریں ، ہاتھوں کو کثرت سے دھوئیں اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں ،انہوں نے کہا کہ چین اور ایران سے لوٹنے والے افراد کو 14 دن تک تنہائی میں رکھا جانا چاہیے ۔