اقتدار سے باہر بیٹھے مایوس سیاستدانوں کو انتظار کرنا ہوگا،حکومت اپنی آئنی مدت پوری کرے گی،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

85
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ژی سے ہوانگ شن میں ملاقات

ملتان۔21نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار سے باہر بیٹھے مایوس سیاستدانوں کو انتظار کرنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں،ملکی بقا اور ترقی کیلئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی۔پاکستان تحریک انصاف قوم کو ایک مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے،قوم کو اچھے مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا،گزشتہ تین سال میں کرونا وبا اور معاشی بحران کے باوجود ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز این اے 156 کی یونین کونسل 52 پیپلز کالونی میں پی ٹی آئی رہنما ملک فرمان ڈمرا کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے اور ہم قوم کو ایک مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے کیونکہ ہم نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت طویل مدتی ترقی چاہتی ہے تاکہ عوام سر اٹھا کر چلیں اور ملک کا وقار بلند ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی بالا دستی اورسابقہ ادوار میں عوام کو دی گئی محرومیاں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ قوم کو اچھے مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن عوام کی خدمت ہے جس کے لیے ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ عوامی ترقی پر خرچ ہو رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو اندرون و بیرون ملک پذیرائی مل رہی ہے۔ ہماری پالیسیوں کے دوررس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا اقتدار سے باہربیٹھے کچھ سیاستدانوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی وہ نہیں چاہتے کہ ترقی کا پہیہ چلتا رہے۔

اپوزیشن چاہے جتنا مرضی شور مچا لے نہ ملکی ترقی رک سکتی ہے اور نہ ترقیاتی منصوبے رک سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کریگی بلکہ 2023 کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یونین کونسل 52 میں معززین علاقہ سے ملے ان کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے یوسی 52 میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہہ ترقیاتی منصوبوں کو شفاف اور بروقت مکمل کیا جائے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ وہ حلقے میں وفات پا جانے والی مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے جہاں انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودا لگایا۔