اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ اقتدار کو کاروبار کیلئے استعمال کرنے والے آج بھاشن بازی میں مصروف ہیں، ملکی وقار کو ہر چیز پر مقدم رکھنا عمران خان کا منشور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کو کاروبار کیلئے استعمال کرنے والے آج بھاشن بازی میں مصروف ہیں، سیاست میں دوام حاصل کرنے کی خاطر ملک کو بیچنے والوں کو اچانک ضمیر یاد آ گیا۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ کاروبار کیلئے مودی سے بغلگیر ہونے والوں نے ملک کی سالمیت کا سودا کیا، عمران خان نے ہمیشہ ملک کی عزت و تکریم کی خاطر سیاست کی، ملکی وقار کو ہر چیز پر مقدم رکھنا عمران خان کا منشور ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالی دولت ٹی ٹیز کے ذریعے شریفوں نے جمع کی، اخلاقی اقدار سے عاری سیاسی غلام ملک کا تماشا بنا رہے ہیں۔