اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقتصادی منصوبے اور اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیراہے، حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اشاریے مثبت ہیں۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں ہالینڈ کی سفیرہینی ڈی ویریز سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں کابھی جائزہ لیاگیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے کانکنی، آئی ٹی، تیل و گیس، زراعت، ڈیری فارمنگ اور زرعی پیداوارجیسے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی، تاکہ ان شعبوں میں مزید کاروباری تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔وزیرخزانہ نے ہالینڈکی سفیرکوحکومت کے اقتصادی منصوبے اور اصلاحات کے ایجنڈے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اہم شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری ہے، انہوں نے گزشتہ 14 ماہ میں حاصل کردہ اقتصادی کامیابیوں کا ذکر کیا اور معیشت کوپائیدار، برآمدات پر مبنی نمو کے راستے پر گامزن رکھنے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور پاکستان کی جانب سے موسمیاتی فنڈنگ اور پائیدار حل کے ذریعے ماحولیاتی موزونیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پرروشنی ڈالی۔
ہالینڈکی سفیر نے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈچ کرکٹ ٹیم اگلے سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے جہاں وہ میچز کھیلیں گی اور پاکستان کی کرکٹ کی مہارت سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے پاکستان میں خاص طور پر اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے وزیرخزانہ کوپاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ تجارت اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ہالینڈ کی حمایت کا یقین دلایا۔