شوشا۔10اکتوبر (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزراء خارجہ امور کی کونسل کا 27 واں اجلاس منگل کو جمہوریہ آذربائیجان کی صدارت میں آذربائیجان کے شہر شوشا میں جاری ہے۔ آذربائیجان، ترکیہ، قازقستان، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان کے وزراء خارجہ اور دیگر حکام اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا شرکاءسے خطاب پڑھ کر سنایا۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے (ای سی او) کے وزراء خارجہ امور کی کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا ۔ رکن اور مبصر ممالک کے وزراءخارجہ، بین الاقوامی شراکت داروں اور ای سی او کی خصوصی تنظیموں کے نمائندے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں شامل دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ اقتصادی تعاون تنظیم ایک بین الحکومتی تنظیم کے طور پر ترکیہ، ایران اور پاکستان نے 1985 میں قائم کی تھی۔ 28 نومبر 1992 کو 7 ممالک نے ای سی او میں شمولیت اختیار کی اور اب یہ تنظیم 10 رکن ممالک کو متحد کرتی ہے جن میں آذربائیجان، افغانستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، پاکستان، تاجکستان، ترکی اور ترکمانستان شامل ہیں۔