اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کے عمل کو احسن انداز میں آگے بڑھانے کیلئے 30.126اارب روپے مالیت کی فنڈنگ پلان کی منظوری دے دی۔کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت جمعرات کویہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) آف پاکستان کے منظم اور باقاعدہ اختتام کو یقینی بنانے کے لئے 30.216 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔یہ فیصلہ یو ایس سی کے قومی خزانے پر دیرینہ مالی بوجھ کو ذمہ داری کے ساتھ حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے یو ایس سی کے اختتام سے متاثر ہونے والے ملازمین کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا ہے۔ اس فیصلے کے ذریعے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی، معاوضہ اور دیگر حقوق فراہم کئے جائیں گے تاکہ ادارے کے خاتمے کے سماجی و معاشی اثرات کو کم کیا جا سکے۔ای سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وزارت صنعت و پیداوار یو ایس سی کے اختتام کے لئے مالی ضروریات کو مزید حقیقت پسندانہ انداز میں مرتب کرے۔
اجلاس میں طے پایا کہ یو ایس سی کے اثاثے بشمول جائیدادیں موجودہ مالی سال کے اندر اندر فروخت کی جائیں تاکہ اختتامی اخراجات جزوی طور پر ان فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن سے پورے کئے جا سکیں۔ کمیٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یو ایس سی کے اختتام کا عمل شفاف اور منظم انداز میں کیا جائے اور جائیدادوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کے ذریعے ادارے کی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے۔
منظور شدہ مالی پیکیج حکومت کے اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے جبکہ مالیاتی نظم و ضبط بھی قائم رکھا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں، محکموں و ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔