ٹوکیو ۔ 03 نومبر (اے پی پی) جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے کا کہنا ہے کہ وہ ”آبے نامکس “ کے نام سے معروف اپنی اقتصادی پالیسی پر گامزن رہیں گے اور ملک کی عمر رسیدہ اورکم ہوتی آبادی جیسے مسائل سمیٹنے کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھائیں گے۔ جاپان کے میڈیا کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ پیداواری صلاحیت بہتر بنانے پر آئندہ تین سالوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرات مندانہ ٹیکس نظام، بجٹ کی تقسیم اور قواعد و ضوابط کی اصلاح جیسے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تفریط زر سے نکالنے کے لئے وہ پیداواری صلاحیت کو تیزی سے بہتر بنانےاور مسلسل چار سالوں کے دوران اجرتوں میں اضافے کی رفتار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔