راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):وارث خان پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ، پسٹل کے بٹ اور ڈنڈوں کے وار سے تین شہریوں کو زخمی کر دیا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ دو روز قبل وارث خان تھانے میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس اور دیگر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لا کر مثال بنایا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔