اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،وفاقی وزیر انیق احمد

87
Federal Minister for Religious Affairs
Federal Minister for Religious Affairs

کراچی۔ 19 نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہاہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،ملک میں اقلیتوں کا اتنا ہی خیال رکھا جاتا ہے جتنا مسلمانوں کا رکھا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہندو برادری کے دیوالی کے تہوار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت کی بات کرتا ہے، بین الاقوامی سطح پر ہندو برادری بھی ملک کا مثبت امیج بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔

انیق احمدنے کہا کہ جڑانوالہ میں ایک واقعے کے بعد پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے مساجد کے دروازے کھول دیے گئے اور دوسری جانب بھارتی منی پور میں مسیحی برادری کے لوگوں کو قتل کیا گیا۔ قبل ازیں ہندو برادری نے وفاقی وزیر سے لیاری میں مہادیو مندر کو کھولنے کی درخواست کی،وفاقی وزیر نے ہندو برادری کو ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔بعد ازاں نگراں وزیر انیق احمد کو ہندو برادری کے رہنماؤں نے شیلڈ دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔