اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، چوہدری سالک حسین

96
اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملکی ترقی اقلیتوں کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں، بین المذاہب ہم آہنگی ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اقلیتوں کے حقوق اور ان کی معاشرے میں شمولیت بڑھانے سے متعلق پارلیمنٹیرین کمیشن فار ہیومن رائٹس کی جانب سے کرائی جانے والی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ ملکی ترقی اقلیتوں کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کو ترقی پسند معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے- کانفرنس میں ون مین کمیشن برائے اقلیتی امور کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل، یورپی یونین کے نائب سفیر فلپ گراس، پارلیمانی سیکرٹری صبا صادق، رکن قومی اسمبلی نیلسن عظم، رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ اور دیگر معززین نے شرکت کی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں حکومتی اقدامات کو سراہا۔