24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومتازہ تریناقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم...

اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہیں ،اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ صدر آصف علی زرداری کا اقلیتوں کے دن پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب، ذات پات، نسل یا رنگ کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے،اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ہم ایک متنوع اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نےکہا کہ آج اقلیتوں کے دن کے موقع پر ، ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کے اُس تصور کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں پاکستان کے ہر شہری کو برابری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی تشکیل میں ہماری اقلیتی برادریوں کی خدمات اور کردار کے اعتراف کا موقع بھی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عزم ، ولولے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت انجام دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حب الوطنی اور خدمات پوری قوم کے لیے باعث افتخار ہیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب، ذات پات، نسل یا رنگ کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ یہ اقلیتوں کے سیاسی، اقتصادی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کو یقینی بناتے ہوئے ان کے جائز مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے امتیاز، انتہا پسندی اور مذہبی عدم برداشت کے خلاف ثابت قدمی سے پرعزم ہے۔ ہم تعصب سے پاک ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کا تہیہ کئے ہوئے ہیں جہاں معاشرتی تنوع کو طاقت سمجھا جائے اور جو باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر قائم ہو۔انہوں نےکہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

ان میں اقلیتوں کے قومی کمیشن کا قیام، مینارٹیز ویلفیئر فنڈ مختص کرنا، عبادت گاہوں کی بحالی اور تحفظ اور اقلیتی طلباء کو وظائف اور مالی معاونت کی فراہمی شامل ہے۔ 2009 میں، صدر پاکستان کی حیثیت سے میری پہلی مدت کے دوران ، حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، برابری اور ہم آہنگی کے لئے اپنی قومی وابستگی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا ۔

ہم بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینا جاری رکھیں گے اور قومی زندگی کے ہر شعبے میں اقلیتوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن، ہم اپنے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ہم ایک متنوع اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں