لاہور۔14مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے اقلیتیں ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، معاشی استحکام حاصل کرنے کے لیے اقلیتوں کی شمولیت یقینی بنانا ہوگی۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پرصدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور ہیومن رائٹس فار مینارٹیز سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینئر سلیم شاکرنے بھی خطاب کیا۔سرداررمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ انہیں معاشی پالیسی سازی، تجارت اور کاروباری ترقی جیسے اہم شعبوں میں شریک کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم اور وقت آگیا ہے کہ اقلیتی کاروباری افراد کے لیے مخصوص سہولیات فراہم کی جائیں اور ان رکاوٹوں کو ختم کیا جائے جو ان کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی اقلیت دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ایک برداشت اور شمولیت پر مبنی معاشرہ ابھر رہا ہے جو بانی پاکستان قائداعظم کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔
سرداررمیش سنگھ اروڑہ نے دنیا بھر کی سکھ برادری کو پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر شہری کے حقوق کی محافظ ہیں،چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا عقیدے سے ہو۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شادنے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ لاہور چیمبر میں مسیحی اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں کاروباری افراد بطور ممبر شامل ہیں جو ملکی معاشی و سماجی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاہور چیمبر ہمیشہ انسانی حقوق کے تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے مساوی معاشی مواقع کا حامی رہا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ حکومتِ پنجاب نے اقلیتی امور کی اہم وزارت سرداررمیش سنگھ اروڑہ جیسے اہل اور بصیرت رکھنے والے سیاستدان کو سونپی۔انہوں نے صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں لاہور چیمبر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تقریب کے آخر پر شرکاء نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ کو بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی ہم بستگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔مزید برآں شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک انسانی زنجیربھی بنائی جو قومی اتحادو یکجہتی کی علامت تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597021