جنیوا ۔ 24 مارچ (اے پی پی) اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایک مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ اسِ قرارداد میں شمالی کوریا سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اغوا شدہ جاپانی اور دوسری قومیتوں کے باشندوں کو واپس کرے۔یہ قرارداد سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا میں اقوامِ متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں کونسل کے اجلاس میں منظور کی گئی۔یورپی یونین کی جانب سے پیش کی جانے والی اِس قرارداد میں شمالی کوریا کو قتل، جسمانی و جنسی تشدد اور قید و بند کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ شمالی کوریا سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ مغویوں کو واپس کرے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا میں انسانی حقوق ریکارڈ کی بہتری کے لیے گزشتہ 12 سال سے کونسل میں مسلسل قراردادیں منظور کی جا رہی ہیں۔