اقوام عالم میں ایک باعزت مقام حاصل کرنے کے لیے قائدا عظم محمد علی جناح ؒکے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری

57

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اقوام عالم میں ایک باعزت مقام حاصل کرنے کے لیے قائدا عظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائدا عظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم پیدائش کے موقع پر قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا ۔

سپیکر نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح 20 ویں صدی کے رہنما اور ذہانت و راست بازی کی بہترین مثال تھے ۔قائد اعظم نے اپنے اعلیٰ کردارمستقل مزاجی اورجدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں ہر شہری کو تعلیم ،صحت ،تر قی اور انصاف کے مساوی مواقع میسر ہو ں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملکی تر قی اور خوشحالی کے لیے انتھک محنت کو اپنا شعار بنائیں اور پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لیے ایمان ،اتحاد اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ کہ آج بحثیت قوم مل کر یہ عہد کریں کہ ہم قائد کے رہنما اصولوں کو اپنا کر ملک کو امن اور خوشحالی کا گہورا بنائیں گے اور اس کی تعمیر و ترقی میں کو ئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔