21.6 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومضلعی خبریںاقوام عالم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ،حیدرآبادمیں ریلیوں سے مقررین...

اقوام عالم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ،حیدرآبادمیں ریلیوں سے مقررین کا خطاب

- Advertisement -

حیدرآباد۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں انتہائی جوش و جذبہ سے منایا گیا ہر ضلعی ہیڈ کواٹرز میں ریلیاں نکالی گئیں اور جلسے منعقد ہو ئے حیدرآباد اور اس سے متصل اضلاع مٹیاری ، ٹنڈو الہیار ، ٹنڈو محمد خا ن اور جام شورو میں ضلعی انتظامیہ ، سیاسی جماعتوں ، طلبہ و نوجوانوں کی تنظیموں اور تاجر انجمنوں نے ریلیاں نکالیں اور بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے امیدوار جمشید علی شیخ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی صورت کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا کشمیر ہماری شہ رگ ہے عالمی برادری اپنا اخلاقی فرض پورا کرتے ہو ئے کشمیر میں ہو نے والے مظالم پر آواز اٹھائے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے پکا قلعہ چوک پر ڈسٹرکٹ انچار ج و اراکین کمیٹی اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی صابر قائم خانی ، راشد خلجی اور دیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہم ہر سطح پر آواز ِ حق بلند کرتے رہیں گے اور مظلوم کشمیر ی بھائیوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی مدد کرتے رہیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، مظلوم کشمیر یوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا اور آزادی کا سورج کشمیر میں جلد طلوع ہو گا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹرکے تحت کشمیر یوں کو استصواب ِ رائے کا حق عملی طور پر نافذ العمل کیا جائے تاکہ اقوام متحدہ کے اصولوں پر بھی انصاف کے تقاضے بظاہر نمایاں ہوں انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ انسانیت کے ناطے کشمیر پر ظلم و بربریت کی داستان پر آواز بلند کریں اور بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کریں ۔

جماعت اسلامی حیدرآباد کے زیر اہتمام ایک بڑی یکجہتی کشمیر ریلی دفتر جماعت اسلامی اسٹیشن روڈ سے نکالی گئی جو حیدر چوک سے ہو تی ہو ئی حیدرآباد پریس کلب پر اختتام ہوئی ریلی میں اسلامی جمعیت طلبہ ، نیشنل لیبر فیڈرشن ، ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین ، جے آئی یوتھ اور دیگر تنظیموں کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ بھارت مذاکرات کی پیش کش کو پاکستانیوں کی کمزوری نہ سمجھے ہم جہاد کا راستہ اپنائیں گے تو بھارتی فوج کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر اقوام عالم سمجھتے ہیں کہ دو ایٹمی طاقتوں کو ٹکرا نا نہیں چاہیئے تو پھر وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائیں ریلی سے سولنگی برادری کے سربراہ سردار زبیر خادم سولنگی ، حافظ طاہر مجید ، عقیل احمد خان ، حافظ شہزاد ، ظہیر الدین شیخ ، عبدالقیوم بھٹی ، عرفان قائم خانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے نکالی گئی ریلی کی قیادت صاحبزادہ محمود احمد قادری ، ڈاکٹر یونس دانش اور دیگر نے کی جبکہ ایک درجن سے زائد تنظیموں کی جانب سے بھی ریلیاں نکالی گئیں جنہوں بھارتی پرچم اور وزیر اعظم مودی کا پتلا نذرآتش کیا حیدر چوک پر بنائی گئی سگنیچر وال پر ہزاروں افراد نے دستخط کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=294060

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں