اقوام متحدہ ، پاکستان اور بھارت مل کر تنازعہ کشمیر کو حل کریں ، فاروق رحمانی

110

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اے پی پی) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی انتہائی سنگین صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ ، پاکستان اور بھارت مل کر کام کریں جہاں تحریک آزادی کو دبانے اور نوجوانوں کو قتل کرنے کے لیے کالے قوانین نافذکئے گئے اور بھارتی فورسز کو بے پناہ اختیارات دیئے گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے یہ بات اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کرتے ہوئے کہی۔ انہوں کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے پرامن ماحول کا قیام،کالے قوانین اور بھارتی فوجیوں کو دیئے گئے بے پناہ اختیارات کا خاتمہ لازمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت تنازعہ کشمیر کو فوجی طاقت سے حل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی عوام کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال، شہریوں کے قتل اورذاکر موسیٰ کی شہادت کے بعدکرفیو اور دیگر پابندیاں نافذ کرنے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے کبھی تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ فاروق رحمانی نے گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے حریت پسندوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔دریں اثناء محمد فاروق رحمانی نے کشمیری دانشور،سابق سفارتکار اور مصنف محمد یوسف بچھ کے امریکا میںانتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے انتقال سے امریکا میں کشمیر کی سیاسی جدوجہد میں ایک بڑا خلاء پیدا ہوگیا ہے۔