اقوام متحدہ۔28جون (اے پی پی):پاکستان نے کشمیر کے ’’اٹوٹ انگ‘‘ ہونے کا بھارتی دعویٰ ایک بار پھر مسترد کر دیا۔ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کے خلاف مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث کے دوران بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کو اپنا ’’اٹوٹ انگ اور ناقابل تنسیخ حصہ‘‘ قرار دینے کے بعد پاکستانی مندوب رابعہ اعجاز نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اس افسانے پر ضد کر کے خود کو دھوکہ دےرہی ہے۔پاکستانی مندوب رابعہ اعجاز نے 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ حقیقت واضح ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تسلیم کیا گیا ایک متنازعہ علاقہ ہے ،ان قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مستقبل کے تعین کے لئے وہاں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے انعقاد کا کہا گیا ہے ۔
پاکستانی مندوب رابعہ اعجاز نے کہا کہ ایک طرف جہاں بھارتی قابض افواج کشمیر ی بچوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں کی ذمہ دار ہیں، وہیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ذریعے پاکستان میں بچوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پیچھےان کی بزدلانہ اور گھٹیا حرکتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014 میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردحملہ میں 130 سے زائد معصوم بچوں کی جانیں گئیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط علاقوں میں بچوں کی حالت زار کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ ان علاقوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں، کشمیری بچوں کی نسلیں غیر ملکی قبضے کے تحت تشدد اور جبر کے خوف کے درمیان پروان چڑھی ہیں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم نے ٹھوس شواہد پیش کیے ہیں کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو ہندوستانی ایجنسیوں کی جانب سے مالی معاونت اور سرپرستی حاصل ہے، پکڑے گئے ہندوستانی جاسوس، ایک انٹیلی جنس افسر، کمانڈر کلبھوشن یادیو نے ایسی دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔رابعہ اعجاز نے کہا کہ کشمیر میں مظاہروں اور بنیادی آزادیوں کے مطالبات کو دبانے کے لیےقابض بھارتی افواج کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے اچھی طرح سے دستاویزی شکل دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی حقوق خصوصاً حق خودارادیت سے انکار کرتا رہا ہے ۔پاکستانی مندوب نےکہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اپنے جائز حق، حق خودارادیت کے خواہشمندوں کے جذبات کو دبا نہیں سکے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=479684