اقوام متحدہ آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کیلئے مداخلت کر ے،پاکستان

156
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کیلئے مداخلت کر ے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے رجوع کیا ہے کہ وہ بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کیلئے مداخلت کریں۔ سیکرٹری جنرل ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے کہا گیا ہے کہ 18 جنوری 2020 کو عدالت کی جانب سے ان پر تعزیراتی فرد جرم عائد ہونے کے خطرے کے پیش نظرآسیہ اندرابی کی زندگی خطرے میں ہے۔انسانی حقوق کی ایک چیمپئن اور خواتین کو بااختیار بنانے کی پرجوش وکیل کی حیثیت سے اندرابی نے چار دہائیوں سے زائد مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے معاشرتی اصلاحات اور بنیادی آزادیوں کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ہے۔ انہوں نے دختران ملت (ڈی ایم) کے نام سے ایک تنظیم قائم کی ، جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے ، جو بھارتی قابض فورسزکے ہاتھوں خواتین کی تعلیم،انہیں بااختیار بنانے،سماجی اصلاحات،تحفظ دینے اور بالخصوص جنسی تشدد کے خلاف کام کر رہی ہے۔آسیہ اندرابی 15 سال سے زائد عرصے سے کالے قوانین اور من گھڑت الزامات کے تحت غیر قانونی اور غیر انسانی طور پر قید میں ہیں جس کا مقصد کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی قبضے کو دوام دینا ہے۔بھارتی حکام نے اب آسیہ اندرابی پرمن گھڑت الزامات کے تحت مقدمہ چلا رہے ہیں اور جان بوجھ کر مقدمے کی سماعت کو تیز کر دیا ہے ،جو بدنیتی پر مبنی اور عدالتی قتل کے ارادے کی عکاسی کرتے ہیں۔بھارت کی کشمیریوں کی جائزجدوجہد کو "دہشت گردی” کے طور پر پیش کرنے اور اس کے رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات کی کوششیں اقوام متحدہ کے چارٹر ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں ، اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسان دوست قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر آسیہ آندرابی ، ان کے شوہر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تمام من گھڑت الزامات کو ختم کرنے پر زور دے ، اور انہیں ایک آزاد اور منصفانہ مقدمے کا حق سمیت مکمل قانونی تحفظ فراہم کرے اور مقبوضہ کشمیر میں تمام نظربندوں خصوصا سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو فوری رہاکرے اور اے ایف ایس پی اے ، پی ایس اے ، اور یو اے پی اے جیسےکالے قوانین کو ختم کریں۔ ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے معاملات کی اقوام متحدہ کے زیر نگرانی تحقیقات کی اجازت دینے اور او ایچ سی ایچ آرکی کشمیر سے متعلق دو رپورٹس کی تمام سفارشات پر پوری طرح عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔