اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دینا ہوگا، کچھ عالمی طاقتیں ایک طرف امن امن کے نعرے لگاتی ہیں اور دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم پر آنکھیں بند کر لیتی ہیں۔
یوم سیاہ کے حوالہ سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک عالمی طاقتیں کشمیر کے معاملے پر اپنا دوہرا معیار ترک نہیں کرتیں خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل خطے کی خوشحالی اور امن کیلئے ضروری ہے اور بھارت کو دھونس اور ہٹ دھرمی کو ترک کر کے کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے عملی قدم اٹھانا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق کے چیمپئن ممالک کے منافقانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری مسلمانوں کی آزادی اور حق خودارادیت کا معاملہ اب تک کھٹائی میں پڑا ہوا ہے ۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہم ہر مشکل میں اپنےکشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری تاریخی اور بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے 75 سالوں میں ہر آنے والی نسل نے بھارت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ہے اور وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کبھی مات نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج آخر کار طلوع ہوکر ہی رہے گا۔