اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمدساغر نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں تیزی سے بگڑتی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر فوری توجہ دیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریش کے نام ایک خط میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل، نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں اوراظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے اور عام شہریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی، مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوششوں اور عدلیہ اورریاستی اداروں کے غلط استعمال پر شدید تشویش ظاہر کی۔حریت رہنمانے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کا مقصد کشمیریوں کی قومی شناخت ختم کرنااور خطے کواپنی نوآبادی بنانا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں پر فوری عملدرآمدکا مطالبہ کیا جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی ہے۔ محمود احمد نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا موثر نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن و انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔