اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم پر کارروائی کرے،چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کا بیان

53

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم پر کارروائی کرے،بے گناہ کشمیریوں کو دہشت گرد بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا،بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے والے بھارتی فوجی آفیسر کو اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔پیر کو اپنے بیان میں غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر پولیس کی جانب سے شوپیاں میں کیے گئے جعلی مقابلے کی رپورٹ شائع کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں واضح ہے کہ جولائی میں مقبوضہ کشمیری کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج نے بےگناہ کشمیری نوجوانوں کا قتل کیا تاکہ پاکستان کو بدنام کیا جاسکے،بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل میں ملوث بھارتی فوجی افسر کو اقوامِ متحدہ کے قوانین کے مطابق کڑی سزا دی جائے، شہریار آفریدی نے کہا کہ یہ رپورٹ معصوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کے ڈھائے گئے مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہے،یہ رپورٹ کسی غیر ملکی نہیں بلکہ خود مقبوضہ کشمیر کی پولیس کی طرف سے شائع کی گئی ہے،بھارتی فوج کے سفاک غنڈے مقبوضہ کشمیر میں من مانی کرتے پھر رہے ہیں، شہریار آفریدی نے کہا کہ اُن مظلوم بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے بعد دہشت گرد بنا کر دنیا کو پیش کیا گیا،رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے جرائم کو چھپانے کی خاطر اُن مظلوموں کی لاشوں پر غیر قانونی اسلحہ لا کر رکھا،پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانے والی بھارتی فوج اپنے گریبان مین جھانکے، پاکستان خطّے میں امن کا خواہاں ہے اور بھارت اس امن کا دشمن، شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا قانون اپنا رکھا ہے،اقوام متحدہ کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم پر فوری کاروائی کرے۔