نیویارک ۔ 10 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ یک جہتی نظام سے کثیرالجہتی نظام کو لاحق بڑھتے خطرہ کے باعث دنیا بھر میں امن کے نظام کے لئے اقوام متحدہ کو محرک کے طور کردار ادا کرنا چاہیئے ۔ پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کثیرالجہتی نظام بارے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے قواعد پر کاربند رہنا میرے ملک کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور میں تنازعات کے پرامن حل، عدم مداخلت ، ملکوں میں برابری اور ان کی خود مختاری کے لئے جو اصول وضع کئے گئے ہیں وہ بہت اہم ہیں۔