اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ساکھ عالمی ادارے کے قیام امن آپریشنز کی کامیابیوں پر منحصر ہے۔ نیویارک سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افریقہ میں قیام امن آپریشنز کے حوالے سے مباحثہ میں خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو امن مشن کے لئے فوجی دستے مہیا کرنے والے ممالک کے خیالات پر بھی غور کرنا چاہیے اور ان کی تعیناتی اور آپریشنز کے لئے اختیارات کو اپ ڈیٹ کرنے میں شامل کرنا چاہیے۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان کے بہادر امن دستے افریقہ میں مسلسل تعینات ہیں اور لائیبریا سے کورٹ ڈی آئیوری اور سرالیون تک افریقہ کی بہت سی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔