اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں، اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے مودی حکومت کو قائل کرے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے میں سنجیدہ نہیں، بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے میں صورتحال خراب ہو رہی ہے جو علاقائی اور عالمی امن اور سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات کی مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی ذمہ داری کو پورا کرے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو تمام فورم پر اجاگر کر رہا ہے تاکہ اس مسئلہ کے حل کیلئے عالمی توجہ حاصل کی جاسکے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا وزیراعظم محمد نواز شریف کے نام خط ہماری کوششوں کا ثبوت ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خط میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کیلئے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کمیشن کی رضامندی بھارت پر دباﺅ ڈالے گی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جب عالمی برادری کی توجہ عالمی مسائل کی طرف ہے، پاکستان یہ توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ دنیا کے متعدد ممالک کے دارالحکومتوں میں پاکستانی سفراءبھارتی مظالم اور معصوم کشمیریوں کی مشکلات اور پریشانیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔