اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا جنرل اسمبلی کی کمیٹی سے خطاب

102

اقوام متحدہ ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعات ، غیر ملکی قبضہ اور حق خودارادیت سے انکار جیسے امور کو اقوام متحدہ کی دہشتگردی کے خاتمے کی حکمت عملی میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، یہ کمیٹی دہشتگردی کے خلاف کنونشن پر کام کررہی ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مجوزہ مسودہ میں دہشتگردی اور لوگوں کے حق خودارادیت اور بےرونی قبضے کے خلاف جدوجہد میں واضح فرق رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے شہریوں کا قتل عام جاری ہے، بین الاقوامی برادری کا اس بات پر اتفاق ہے کہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے انتہا پسندی میں اضافہ ہورہا ہے، اپنے حق خودارادیت اور بیرونی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے والے افراد کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال دہشتگردی ہے۔