اقوام متحدہ۔یکم مارچ (اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات اور اس اہم ترین ادارے کی تشکیل نو پر بات چیت میں 10 سال سے جاری تعطل کی ذمہ داری ان ممالک پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے 15 رکنی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کے اپنے موقف پر کوئی لچک نہیں دکھائی۔ ان کا اشارہ بھارت، برازیل،جرمنی اور جاپان کی طرف تھا۔ سلامتی کونسل کو مزید موثر ، شفاف اور زیادہ نمائندگی والی بنانے کی غرض سے بین الحکومتی مذاکرات کے انٹرایکٹو سیشن کے دوسرے روز اپنے خطاب میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ اگرچہ سلامتی کونسل میں توسیع پر تمام رکن ممالک متفق ہیں لیکن اس عمل کی تفصیلات پر ان کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔