نیویارک ۔ 22 نومبر (اے پی پی)پاکستان نے اقوام متحدہ کو وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے توہین مذہب کے خلاف عالمی مہم کے آغاز کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کو مذاہب اور ان سے منسلک مقدست ہستیوں کی توہین روکنے کے لئے جامع اقدامات کرنے ہوں گے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی مشن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یونائٹڈ نیشنز الائنس آف سویلائزیشن کے آٹھویں گلوبل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے مختلف حصوں میں مذاہب اور مقدس ہستیوں کی توہین کے سد باب کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھانے کااعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کچھ حصوں میں نفرت پر مبنی بیانیے پھیل رہے ہیں، اسلاموفوبیا فروغ پا رہا ہے اور تنوع کو ایک خطرہ قرار دیا جا رہا ہے اور ایسے لگتا ہے کہ امید کی سیاست کی جگہ خوف کی سیاست لے رہی ہے۔ اس ساری صورتحال کے تدارک کے لئے پل کا کردار ادا کرنے والے اور امن پسندوں کا کردار اور بھی اہمیت کا حامل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کے خلاف مغربی دنیا کے بعض حصوں میں منفی پراپیگنڈا نفرت انگیز اندازمیں پھیلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت برداشت اور درگزر کو فروغ دینے اور عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے عالمی سطح پر کی جانے والی سنجیدہ کوششوں اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔