اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی سلامتی کونسل کی صدر، سفارتکاروں اور اقوام متحدہ کے حکام سے ملاقاتیں

114

اقوام متحدہ ۔ 7 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آئین میں ترمیم کا بھارتی اقدام اختیارسے تجاوز اور غلط ہے۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر، سفارتکاروں اور اقوام متحدہ کے حکام کو جنوبی ایشیاء کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے کئے گئے بھارت کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ میں دیگر ممالک کے مستقل مندوبین کو ان بھارتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو اس نے کشمیر بارے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف اٹھائے ہیں اور بتایاکہ مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے سے خطے کاامن متاثر ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے دیگر سفارتکاروں کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جن ژینگ سے بھی ملاقات کی ۔ پاکستانی مندوب نے اگست کے لئے 15 رکنی سلامتی کونسل کی صدر پو لینڈ کی جوانا رونیکا سے بھی ملاقات کی جنہوں نے بھارتی اقدام کو کشمیریوں کی عزت نفس کی شدید توہین قرار دیا۔ ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے غیر قانونی اقدامات کی واپسی کے لئے مطالبہ کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ مزید برآں دہائیوں پرانے تنازعہ کشمیر بارے غیر قانونی اقدامات سے بھارت کو روکا جائے۔ پاکستانی سفیر نے سلامتی کونسل کی صدر کو بتایاکہ بھارت نے1947ء میں کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیر کی لسانی اور جغرافیائی صورتحال کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی سرا سر نفی ہیں کیونکہ سلامتی کونسل نے کشمیر یوں کے خلاف حق خود ارادیت کی قراردادیں منظور کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور بھارت پارلیمانی قانون کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جاری پر امن جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا۔ سلامتی کونسل کی صدر نے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سیاسی مفادات پر مبنی اقدامات کے خلاف بھارت میں بھی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے اقدامات کے غیر قانونی ہونے سے آگاہ ہے لیکن تعصب اور سیاسی مقاصد کے لئے ایسا کر رہا ہے۔ سلامتی کونسل کی صدر نے کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں اور بھارتی مظالم کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کریں گی۔