اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی چیف ڈی کیبنٹ ماریا لوئیزا ری بیرو ویوٹی سے ملاقات میں گفتگو

89

اقوام متحدہ ۔ 8 اگست (اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام سے پیدا ہونے والے بحران کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں جاری رکھتے ہوئے انہیں بھارتی اقدام کے باعث خطے کی خراب ہوتی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔چیف ڈی کیبینٹ ماریا لوئیزا ری بیرو ویوٹی سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل بھارت سے جموں و کشمیر بارے سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کریں جن کے تحت جموں و کشمیر کی متنازعہ ریاست کے سٹیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔پاکستانی مندوب نے چیف ڈی کیبینٹ ماریا لوئیزا ری بیرو ویوٹی کو یہ یاد دہانی بھی کرائی کہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا پر بدستور موجود ہے اس لئے بھارت مقبوضہ خطے کے حوالے سے نہ صرف اپنے غیر قانونی اور عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات روکے بلکہ حال ہی میں کئے گئے ایسے اقدامات کو واپس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام قرار دادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو بتایا جائے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی کسی مزید اقدام سے گریز کرے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کے احترام کو بھی یقینی بنائے۔ پاکستانی مندوب نے اس موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی طرف سے حال ہی میں جاری کی جانے والی دو رپورٹس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے، ان رپورٹس کی سفارشات کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن آف انکوائری قائم کیا جائے۔علاوہ ازیں عالمی ادارہ کے سربراہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ فریقین سے مختلف سطحوں پر روابط قائم کر رہا ہے تاہم انہوں نے ان روابط کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں برطانیہ کی سفیر کیرن پیئرس سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاکستانی مندوب نے اس سلسلہ میں سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔انہوں نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کیا۔