اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش ، مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

248
Munir Akram
Munir Akram

اقوام متحدہ ۔27جون (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عیدالاضحیٰ پر کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کے لیے کی جانے والی جرات مندانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امریکا میں 28 جون کو عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پراسلام کے ناقابل تغیر اصولوں کے مطابق ان تمام افراد کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے جو جبر، جنگ ، وبا، استحصال اور غیر ملکی قبضے میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عید بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہمارے بہادر بھائیوں اور بہنوں کے لئے امن اور خوشحالی لائے جو اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اس عید پر عالمی سطح پر بھوک کو ختم کرنے اور دنیا میں عدم مساوات، ناانصافی اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔انہوں تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔