نیویارک ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میںبھارت اور اسرائیل کو دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بدترین ریکارڈ رکھنے والے ملکوں ممیں شامل کر لیا ہے جہاں شہریوں کو قتل ، تشدد ، غیر قانونی اوربلا جواز گرفتاری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے اسٹنٹ سیکرٹری جنرل اینڈریو گلمور نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی طرف سے تیار کی جانے والی رپورٹ اگلے ہفتے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف ملکوں میں شہریوں کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے کی پیدا کی جانے والی قانونی، سیاسی اور انتظامی رکاوٹوں کا بغور جائزہ لیتے رہے ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں پر بھی دہشت گردی کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور ان پر غیر ملکی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی ملکی ساکھ اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔