خرطوم۔31دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ اور افریقن یونین مشن ( یو این اے ایم آئی ڈی )نے سوڈان کے جنگ زدہ علاقہ دارفر میں 13 سال سے جاری امن کے قیام کا مشن باضابطہ طور پر ختم کر دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن نے جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ اور افریقن یونین کا مشترکہ امن مشن گزشتہ 13 سالوں سے سوڈان کے علاقہ ڈارفر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھا لیکن 31 دسمبر سے مشن اپنے امدادی آپریشنز باضابطہ طور پر اس وقت ختم کر دے گا جب سوڈان حکومت دارفر کے شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالے گی ۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سوڈان کے مغربی علاقہ ڈارفر میں حال ہی میں افریقن یونین اقوام متحدہ ہائبرڈ آپریشن( یو این اے ایم آئی ڈی) کو 31 دسمبر سے منسوخ کرنے کی قرارداد منظور کی تھی ۔قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی گئی کہ یکم جنوری کو سوڈان کے مغربی علاقہ ڈارفر سے یو این اے ایم آئی ڈے کے تمام اہلکار وں کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے اور اس عمل کو آئندہ سال 30 جون تک مکمل کیا جائے سوائے ان اہلکاروں کے جو دارفر مشن کی منسوخی کے لیے درکار ہیں۔ اس قرارداد میں یو این اے ایم آئی ڈی کے کے اہلکاروں کی واپسی اور مشن کی منسوخی کی مدت کے لئے یو این اے ایم آئی ڈی کے اہلکاروں ، سہولیات اور اثاثوں کی حفاظت کے لئےکسی محافظ یونٹ کو برقرار رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی گئی کہ 31 اکتوبر 2021 تک سلامتی کونسل کو یو این اے ایم آئی ڈی کی جائزہ رپورٹ فراہم کی جائے ۔ واضح رہے کہ سوڈان کے مغربی علاقہ دارفر میں 2003 سے سوڈان حکومت اور قدیم مقامی آبادی کے مابین جاری جنگ کے باعث علاقے میں امدادی سرگرمیوں اور امن و امان کے قیام کے لیے جولائی 2007 میں یو این اے ایم آئی ڈی مشن قائم کیا گیا تھا۔