اقوام متحدہ ۔27دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نےجنوبی افریقہ کے نوبل انعام یافتہ اور نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کر نے والے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں امن کے لیے ایک بلند پایہ عالمی شخصیت قرار دیا۔
سیکرٹری جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ،وہ امن کے لیے ایک بلند پایہ عالمی شخصیت تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ آرچ بشپ کثیرالجہتی کے ایک ثابت قدم چیمپئن تھے اور نسل کشی کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی مشاورتی کمیٹی کے ایک معزز رکن کے طور پران کا کردار بہت اہم تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ آرچ بشپ ٹوٹو کے انتقال نے عالمی سطح پر ایک بہت بڑا خلا چھوڑ دیا ہے اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔