اقوام متحدہ ۔ 17 جولائی (اے پی پی) اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ ”یو این ایچ سی آر“ نے جنوبی امریکا کی سرحد پر پناہ گزینوں کے داخلہ کو روکنے کے لئے نئے امریکی قوانین پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے سخت اقدامات سے ان لوگوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا جنہیں مختلف علاقوں میں تشدد اور پریشانی سے بچنے کے لئے بین الاقوامی تحفظ کی ضرورت ہے ۔ یو این ہائی کمیشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرینڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکی پناہ گزین نظام اس وقت بڑے دباﺅ میں ہے اور اس سلسلہ میں ہم مدد کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہ کی بنا پر وسطی امریکا سے لوگ نقل مکانی کررہے ہیں جن میں شدید معاشی مشکلات ، تشدد اور بربریت کے سبب لوگوں کی جانوں کو خطرات شامل ہیں۔ پناہ گزینوں کے معاملہ کو انسانی مسئلہ کے طور حل کرنا چاہیے، یو این ایچ سی آر نے گزشتہ ماہ براعظم شمالی اور جنوبی امریکا کے ممالک پر زور دیا تھا کہ پناہ گزینوں کے معاملہ پر فوری اور مربوط علاقائی رسپانس تیارکرکے اس پر عمل درآمدکیا جائے ۔