نیویارک ۔ 15 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ نے یمن میں ہیضے کی وبا پر قابوپانے کے لیے امدادی رقم میں اضافہ کر دیا ۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ نے یمن میں ہیضے کی وبا پر قابوپانے کے لیے امدادی رقم میں اضافہ کے بعد اس کا حجم 2.37 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں ہیضے کے پھیلنے کی وجہ سے صورت حال تشویش ناک ہے تاہم ابھی تک منصوبے کی مطلوب رقم میں عطیہ دینے والے ممالک کی جانب سے صرف 33% حصہ پیش کیا گیا ہے جن میں سعودی عرب سرِفہرست ہے۔ اس کے بعد برطانیہ اور پھر متحدہ عرب امارات کا نمبر ہے۔واضح رہے کہ یمن میں ہیضے کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں جاری ہیں تا کہ لاکھوں لوگوں کو موت کے منہ میں جانے سے روکا جا سکے۔