اقوام متحدہ کی افغانستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت

123

اقوام متحدہ۔16جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر ہونے والے مسلح حملے میں 5 ہیلتھ ورکرز کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے غیرانسانی تشدد کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر رمیز الاکبروف نے گزشتہ روز اپنے تویٹ میں کہا کہ وہ اس مسلح حملے میں ہونے والی اموات پر سخت صدمے میں ہیں اور بچوں کو صحت مند زندگی سے محروم کرنا غیرانسانی فعل ہے جسے نہ صرف فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے بلکہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیئں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ہر جگہ پر ہیلتھ ورکرز پر ہونے والے تمام حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور ہیلتھ ورکرز پر حملے بچوں پر حملے ہیں جن پر بچوں کی صحت مند زندگی کا دارومدار ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر کو ہوا تھا جس کے لیے 5 سال تک کی عمر کےایک کروڑ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز پولیو ٹیم پر مسلح حملے میں 5 ورکرز ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔