اقوام متحدہ ۔7ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے شمالی برکینا فاسو میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی، جس میں مبینہ طور پر کم از کم 35 شہری ہلاک ہوئے۔ چینی خبررساں ادادرے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہاکہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے شمالی برکینا فاسو میں ہونے والے بم حملےپرتشویش کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے مز ید کہا کہ اقوام متحدہ نے برکینا فاسو حکام سے وہ اس گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی اپیل کی ہے۔
سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ برکینا فاسو اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ شہریوں کے تحفظ، انسانی ہمدردی کے چیلنجوں سے
نمٹنے اور انسانی حقوق کے احترام کے ساتھ پائیدار امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کا کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=325901