اقوام متحدہ کی جانب سے ماحول کے تحفظ کے لئے آگاہی اور اقدامات کے پیش نظر عالمی یوم ماحولیات ہرسال کے طرح 5 جون کو منایا گیا

100

واشنگٹن۔5جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جانب سے ماحول کے تحفظ کے لئے آگاہی اور اقدامات کے پیش نظر عالی یوم ماحولیات ہرسال کی طرح 5 جون کو منایا گیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس دن کو منانے کا مقصد ماحولیات کی اہمیت کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا اور ماحولیات کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید فعال بنانا ہے۔

قدرتی نعمتوں اور خوبصورتی سے مالا مال کرہ ارض ماحولیاتی آلودگی کے باعث اپنا حسن کھو رہی ہے، آلودہ فضا، گاڑیوں سے نکلتا زہریلا دھواں اور جنگلات کی کٹائی ماحولیات کے لئے بڑا خطرہ بن گئی ہے، جس سے دنیا بھر کے انسانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے باعث ہر سال 70 لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے لحاظ سے چین سرفہرست ہے جہاں ماحول دشمن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی شرح 28 فیصد ہے جبکہ آلودگی کی دوسری وجہ ایندھن اور کوئلہ ہے جس کے باعث 58 فیصد فضائی آلودہ ہوتی ہے، امریکا 15 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر بھارت 7 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر روس 5 فیصد کے ساتھ چوتھے پر جب کہ جاپان 3 فی صد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔