اقوام متحدہ ۔10مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جمہوریہ کانگو میں شہریوں پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے عالمی ادارے کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کے حوالے سے بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے جمہوریہ کانگو کے صوبے اٹوری کے علاقے ڈوگو میں کوآپریٹو فار ڈویلپمنٹ آف کانگو کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایک کان کنی کے مقام پر خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 38 شہری مارے گئے۔
سیکرٹری جنرل نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کانگو کے حکام سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی تحقیقات کراکے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے حکام پر بھی زور دیا کہ وہ حملوں کے علاقوں میں فوری، آزادانہ اور بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کے تحفظ کی کوششوں میں آسانی ہو۔
انہوں نےجمہوریہ کانگو کے تمام مسلح گروپوں سے کہا کہ وہ شہریوں پر ظالمانہ حملے بند کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ امن اور استحکام لانے کی کوششوں میں جمہوریہ کانگو کی حمایت جاری رکھے گی۔