
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے تباہ کن حالیہ سیلاب کے تناظر میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کا عنوان "پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت، اور حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں ہنگامی امداد، بحالی، تعمیر نو اور روک تھام کو مضبوط بناناتھا۔ یہ قرارداد پاکستان کی طرف سے تجویز کی گئی اور 151 ممالک کی طرف سے تعاون کیا گیا ۔
دنیا کے تمام خطوں سے اقوام متحدہ کے دو تہائی رکن ممالک نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کےمطابق قرارداد پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں سے ایک ہے، حالانکہ ہمارا کاربن کا اخراج عالمی اخراج کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے حالیہ سیلاب سے انسانی جانوں کے زبردست نقصان اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور حکومت نے اس آفت کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے ۔
انہوں نے مدد فراہم کرنےوالے تمام ممالک ، اداروں اورلوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جانب سے فلیش اپیل، پی ڈی این اے اور لچک کے ساتھ تعمیر نو کے منصوبے کی تیاری کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے یکجہتی اور ماحولیاتی انصاف کی بنیاد پر پاکستان کی مسلسل حمایت کی درخواست کی ۔اس موقع پر جنرل اسمبلی کے صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ پاکستان میں "موسمیاتی تباہی”سامنے آ رہی ہے، جسے انہوں نے "بہت بڑا المیہ” قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسمبلی سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی تباہی اور ہمت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو "بڑے پیمانے پر ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر تعاون کی ضرورت ہے "۔ انہوں نے ’’موسمیاتی ناانصاف‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی ہنگامی صورتحال کے تناظر میں "بہت زیادہ قیمت” ادا کر رہا ہے جبکہ اس کے پیدا کرنے میں پاکستان کردار انتہائی کم ہے ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رکن ممالک نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے اپنے بیانات میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کا ذکر کیا اور بحالی اور تعمیر نو میں اپنا تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہرکیا۔
جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ قرارداد میں امداد اور بحالی کی کوششوں میں عالمی برادری کی مدد اور شراکت کا خیرمقدم کیا گیا۔ قرار داد میں سیلاب کے منفی اثرات کو کم کرنے اور درمیانی اور طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں میں عالمی برادری کی طرف سے مکمل حمایت اور مدد پر زور دیا گیا۔ قرار داد میں سیکریٹری جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے کی تیاری اور نفاذ میں مدد کریں جبکہ عالمی برادری سے امداد اور وعدوں کی تکمیل کے لیے ایک عہد ساز کانفرنس کے انعقاد پر غور کیا جائے۔