اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امن اور عد م تشدد کے مقاصد کے لئے مختلف مذاہب اور ثقافتی گروہوں کے درمیان مکالمے اور روابط کے فروغ کے لئے پاکستان کی طرف سے پیش کردہ قرار داد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی

125

اقوام متحدہ ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امن اور عد م تشدد کے مقاصد کے لئے مختلف مذاہب اور ثقافتی گروہوں کے درمیان مکالمے اور روابط کے فروغ کے لئے پاکستان کی طرف سے پیش کردہ قرار داد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے۔ یہ قرارداد پاکستان اور فلپائن کی مشترکہ طورپر پیش کردہ تھی ۔ قرار داد کے متن میں تمام ممالک نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اعلامیہ کے تحت بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کے تحفظ کے عزم کا ا ظہار کیا ہے ۔تہذیبوں کے تصادم کے نظریے اور نائن الیون کے واقعات کے تناظر میں یہ قرارداد پہلی مرتبہ 2004ءمیںایک رد عمل کی صورت میں جنر ل اسمبلی میں پیش کی گئی تھی اس میں مذہبی منافرت کی تمام صورتوں کی مذمت اور امتیازی سلوک کی بنیاد پر تشدد کی مخالفت کی گئی ہے۔ قرار داد میں مختلف مذاہب اور ثقافتی گروہوں میں امن برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔ قرارداد کے ابتدائیہ میں پہلی مرتبہ چین کے ” بیلٹ اینڈ روڈ” کے اقدام اور کردار کو تسلیم کیا گیا ہے جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری بھی شامل ہے ۔