اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے غلط اطلاعات کا مقابلہ کرنے سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

64
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے غلط اطلاعات کا مقابلہ کرنے سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے یہ اقدام دنیا بھر میں غلط اطلاعات کے بے پناہ پھیلاؤ کے پس منظر میں اٹھایا ہے۔

ترجمان نےکہاہے کہ یہ رجحان سماجی انتشار کو بڑھا اور امتیازی سلوک، نفرت انگیز تقاریر، نسل پرستی، زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور متعلقہ عدم برداشت کو ہوا دے رہا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کی متفقہ منظوری شفافیت کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ میں ریاستوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک ٹھوس مہم شروع کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

قرارداد میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے متعلق آن لائن پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات کے تیزی سے پھیلاؤ کے منفی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کا شکار ہونے کے ناطے، پاکستان غلط معلومات کے وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان، اقوام متحدہ کی سرپرستی سمیت بین الاقوامی تعاون کی حوصلہ افزائی کے ذریعے یہ کام جاری رکھے گا۔